سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
سعودی عرب کے خلاف حملے اور فوجی کشیدگی فوری طور پر ختم کی جائے۔ کونسل نے بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے اپنے دفاع کے حق کو بھی تسلیم کیا۔
سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی جانب سے جاری حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل نے 18 ستمبر کو جاری اپنے مؤقف میں سعودی عرب کے شہری علاقوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں پر تشویش ظاہر کی۔ ان کارروائیوں میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا گیا۔
سلامتی کونسل نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب کے خلاف حملے اور فوجی کشیدگی فوری طور پر ختم کی جائے۔ کونسل نے بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے اپنے دفاع کے حق کو بھی تسلیم کیا۔
اس کے علاوہ بحیرۂ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات اور ان کے خلاف حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔ رکن ممالک نے حوثیوں تک ہتھیار، فوجی تربیت، تکنیکی معاونت اور مالی وسائل کی رسائی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق ستمبر کے آغاز سے یمن میں جاری لڑائی کے نتیجے میں کم از کم ایک لاکھ 25 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
سلامتی کونسل نے حوثیوں سے زیرِ حراست افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا، جن میں اقوام متحدہ کے 73 اہلکار بھی شامل ہیں۔