ٹرمپ نے روس اور ایران پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کردیئے

نئے قانون کے تحت روسی حکام، مالیاتی اداروں، توانائی کے شعبے اور پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال ہونے والے تیل بردار بحری جہازوں کے خلاف اقدامات شامل ہیں

September 19, 2026 · بام دنیا
ٹرمپ نے روس اور ایران پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کردیئے

ٹرمپ نے روس اور ایران پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کردیئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور ایران سے متعلق پابندیوں میں اضافے کے قانون پر دستخط کردیے ہیں، جس کے بعد ماسکو کے خلاف اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کے لیے امریکی انتظامیہ کو اضافی اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق قانون کا مقصد روس کے خلاف موجودہ پابندیوں اور دیگر معاشی اقدامات کو وسعت دینا ہے، جبکہ ایران سے متعلق پابندیوں کو بھی مزید پانچ سال کے لیے برقرار رکھا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت روسی حکام، مالیاتی اداروں، توانائی کے شعبے اور پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال ہونے والے تیل بردار بحری جہازوں کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔ قانون میں روسی توانائی خریدنے والے بعض ممالک پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اختیار بھی امریکی صدر کو دیا گیا ہے، جو بعض صورتوں میں 100 فیصد تک ہوسکتے ہیں

امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان نے یہ قانون 16 ستمبر کو منظور کیا تھا، جبکہ سینیٹ اس کی منظوری پہلے ہی دے چکا تھا۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے 18 ستمبر کو قانون پر دستخط کرکے اسے نافذ کردیا۔

قانون میں 1996 کے ایران پابندیوں کے ایکٹ کی مدت میں مزید پانچ سال کی توسیع بھی شامل ہے، جس کے تحت ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا قانونی فریم ورک برقرار رہے گا۔