27 ستمبر آئے گا تو ریاست کی رِٹ پتا چل جائے گی: طلال چوہدری

حکومت نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد آنے پر دوبارہ سختی سے سمجھانا پڑے۔

September 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد آنے پر دوبارہ سختی سے سمجھانا پڑے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم ہر تین ماہ بعد انسداد دہشت گردی سے متعلق اجلاس کرتے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ان اجلاسوں میں شریک نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دو روز بعد مالی معاملات، فنڈز اور قومی مالیاتی کمیشن میں صوبے کا حصہ بڑھانے کے مطالبات کے لیے وفاق سے رابطہ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مجوزہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے طلال چوہدری نے کہا کہ اس تاریخ کے آنے پر معلوم ہو جائے گا کہ ریاست اپنی رِٹ کس طرح قائم کرتی ہے۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مارچ سے متعلق ایک درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے۔