آپریشن ردالفتنہ 3، محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق بلوچستان میں ہونے والی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور امن و استحکام کے قیام کے عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے آپریشن ردالفتنہ 3 میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
حالیہ کارروائیوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیے ہیں۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق 17 ستمبر کو ضلع آواران میں کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔