کراچی میں بچی سے نازیبا حرکت کا ملزم گرفتار
گرفتار ملزم سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے اور دیگر قانونی کارروائی بھی مکمل کی جا رہی ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں معصوم بچی سے مبینہ نازیبا حرکت کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ملیر کے شاہ لطیف ٹاؤن میں ریڈیو پاکستان گراؤنڈ کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں پولیس اور ملزم کے درمیان مبینہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم خالد محمود زخمی ہوا، جسے زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر غیر قانونی اسلحہ اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق چند روز قبل ایک کمسن بچی سے مبینہ نازیبا حرکت کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں اور ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت کے لیے کارروائی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے اور دیگر قانونی کارروائی بھی مکمل کی جا رہی ہے۔