کراچی، لاہور، اسلام آباد کی 15 پروازیں تاخیر کا شکار
ملتان سے مدینہ منورہ، ریاض، دمام اور شارجہ جانے والی پروازوں میں بھی تقریباً 6 گھنٹے تک تاخیر ہوئی ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد کی 15 پروازیں تاخیر کا شکار
کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جہاں 15 پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی 8 پروازوں میں ایک سے 7 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان 7 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
کراچی سے لاہور جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز میں سب سے زیادہ 13 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ مذکورہ پرواز کو صبح 8 بجے روانہ ہونا تھا، تاہم اب اس کی روانگی رات 9 بجے متوقع ہے۔
دوسری جانب ملتان سے مدینہ منورہ، ریاض، دمام اور شارجہ جانے والی پروازوں میں بھی تقریباً 6 گھنٹے تک تاخیر ہوئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے ریاض جانے والی دو پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جن میں ایک پرواز 2 گھنٹے جبکہ دوسری 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد سے شارجہ جانے والی پرواز 9P-740 میں 8 گھنٹے کی تاخیر رپورٹ ہوئی، جبکہ لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی چار پروازیں بھی 3 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔
پروازوں میں تاخیر کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کرنا پڑا، جبکہ ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں کے نئے اوقات کار کے مطابق مسافروں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔