فیول ریلیف اسکیم،پانچ لیٹر سے کم پٹرول پر بھی 500 روپے رعایت ملے گی
ایسے صارفین کو ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر چار ٹوکن حاصل کیے جا سکیں گے۔
فائل فوٹو
وزیراعظم کی جانب سے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم کے تحت کم آمدن والے صارفین کو رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی جاری ہے، جبکہ اسکیم کے دائرہ کار میں مزید سہولت شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد جو ایک وقت میں پانچ لیٹر سے کم پٹرول لیتے ہیں، انہیں بھی ایک ٹوکن کے ذریعے ہفتے میں 500 روپے تک کی رعایت دی جائے گی۔ ایسے صارفین کو ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر چار ٹوکن حاصل کیے جا سکیں گے۔
اس کے علاوہ 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے اہل صارفین کے لیے پہلے سے جاری سہولت برقرار رہے گی۔ ان صارفین کو ہر دس دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، جس کے تحت ماہانہ تین ٹوکن جاری ہوں گے۔
سرکاری معلومات کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے دس روزہ بنیاد پر ایک ہزار روپے کی رعایت کا طریقہ کار رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے اسکیم میں پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسکیم کے تحت رعایت کی فراہمی کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفاف بنانے کا طریقہ کار بھی اختیار کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کا مقصد اہل صارفین تک پٹرول پر رعایت کی سہولت مؤثر اور آسان انداز میں پہنچانا ہے۔