پنجاب میں سی ٹی ڈی کے آپریشنز، 23 دہشت گرد گرفتار

گرفتار افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 22 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

September 19, 2026 · قومی
پنجاب میں سی ٹی ڈی کے آپریشنز، 23 دہشت گرد گرفتار

پنجاب میں سی ٹی ڈی کے آپریشنز، 23 دہشت گرد گرفتار

پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایک ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 23 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں ایک ماہ کے دوران 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ساہیوال سے ایک مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی سے وابستہ دہشت گرد کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں ہدایت اللہ، محمد مجاہد، تسلیم حسنین اور طارق اللہ شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 مبینہ آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 22 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار 601 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 4 سو 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار 553 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔