میڈیکل کالجز میں داخلے، ایم ڈی کیٹ امتحان کل ہوگا

امیدواروں کے لیے ملک بھر میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی پاکستانی طلبہ کے لیے ایک امتحانی مرکز بنایا گیا ہے

September 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان کل صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق امتحان میں شرکت کے لیے ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کے لیے ملک بھر میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی پاکستانی طلبہ کے لیے ایک امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔

ایم ڈی کیٹ کا امتحانی پرچہ 180 سوالات پر مشتمل ہوگا اور امیدواروں کو بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی اور ذہانت سے متعلق سوالات دیے جائیں گے۔ تین گھنٹے پر مشتمل یہ امتحان 180 نمبروں کا ہوگا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجز کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔ امتحان میں منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔

طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 7 بجے تک اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ امتحان مکمل ہونے تک امیدواروں کو اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحانی پرچے کے لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک کا امتحان منسوخ ہونے کے خدشے کو کم کرنے کے لیے ہر صوبے کو دو الگ پرچے فراہم کیے گئے ہیں۔ امتحان کے بعد جوابی کلید بھی جاری کی جائے گی، جبکہ شفافیت کے لیے امیدواروں کو کاربن کاپی کے ذریعے اپنے جوابات محفوظ رکھنے کی سہولت دی جائے گی۔

پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کو دی گئی ہے۔

اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں امتحان کے انتظامات شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے سپرد کیے گئے ہیں، جبکہ ریاض میں بھی یہی یونیورسٹی امتحان کا انتظام کرے گی۔

بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے اسلام آباد میں اضافی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے الگ پورٹل اور خصوصی امتحانی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انٹرنیٹ کی مشکلات کے باعث آزاد کشمیر کے امیدواروں کو امتحانی پرچے کی ہارڈ کاپی فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری صوبوں اور متعلقہ میڈیکل یونیورسٹیوں کی ہے، جبکہ وزارت صحت اور پی ایم ڈی سی امتحانی عمل کی نگرانی کریں گے۔