بیٹے کی پہلی سالگرہ، رجب بٹ کی فیملی سمیت شرکت،تحفہ کیا دیا؟

کیوان کی سالگرہ سے ایک روز قبل رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا تھا

September 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے بیٹے کیوان سلطان کی پہلی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اہلِ خانہ کے ہمراہ بیٹے کی خوشی میں شرکت کی اور اسے قیمتی تحائف بھی دیے۔

کیوان سلطان کی پہلی سالگرہ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں رجب بٹ کے والدین، دوست حیدر اور دیگر اہلِ خانہ شریک ہوئے۔ تقریب کے لیے نیلے رنگ کو مرکزی تھیم رکھا گیا تھا، جس کے مطابق رجب بٹ، کیوان اور ایمان نے بھی نیلے رنگ کے ملبوسات پہنے۔

تقریب کے دوران رجب بٹ کافی دیر تک بیٹے کو گود میں لیے نظر آئے اور خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کیوان کو سونے کے زیورات سمیت مختلف قیمتی تحائف دیے، جن میں ایک خوبصورت گاڑی بھی شامل تھی۔

کیوان کی سالگرہ سے ایک روز قبل رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ رجب بٹ اپنے بیٹے کی پہلی سالگرہ کی خوشی میں شریک ہوں۔

ایمان اسد کے مطابق انہوں نے کبھی رجب کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا اور ان کی خواہش ہے کہ بچہ اپنے والد اور والدہ دونوں کی محبت اور توجہ کے ساتھ پروان چڑھے۔ انہوں نے رجب سے یہ بھی سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی کیوان کا حال جاننے، اس کی ضروریات معلوم کرنے یا اس کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کی۔

اپنے پیغام میں ایمان اسد نے کہا تھا کہ ایک سال کی دوری صرف ایک دن کی تقریب سے ختم نہیں ہوسکتی، کیونکہ والد کی ذمہ داری محض سالگرہ کے موقع تک محدود نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوان کی پہلی سالگرہ کو تنازعات اور عدالتی معاملات کے بجائے بچے کی خوشیوں کے لیے یادگار بنایا جانا چاہیے۔

ایمان اسد نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے دروازے رجب کے لیے ہمیشہ کھلے رہے ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ دونوں خاندان اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے بچے کی خوشیوں میں شریک ہوں۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی تھی کہ ان کی نجی زندگی اور کیوان سے متعلق معاملات کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع نہ بنایا جائے، کیونکہ بچے کو تنازع کے بجائے محبت، توجہ اور خوشیوں کی ضرورت ہے۔

یوں کیوان سلطان کی پہلی سالگرہ میں رجب بٹ کی شرکت اور بیٹے کو دیے گئے قیمتی تحائف نے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔