پنجاب میں سانپ ڈسنے کے 1060 واقعات، 6 افراد جاں بحق

متاثر ہونے والوں میں 614 مرد اور 446 خواتین شامل ہیں، جبکہ 6 افراد زہر کے باعث جانبر نہ ہوسکے۔

September 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پنجاب میں رواں سال سانپ کے ڈسنے کے ایک ہزار 60 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو 1122 کی جنوری سے 31 اگست 2026 تک کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں سانپ کے ڈسنے سے متاثر ہونے والوں میں 614 مرد اور 446 خواتین شامل ہیں، جبکہ 6 افراد زہر کے باعث جانبر نہ ہوسکے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان کے مطابق برسات کے موسم میں سانپوں کے آبادیوں کا رخ کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ بارشوں کے دوران کچی آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سانپ خشک اور محفوظ مقامات کی تلاش میں گھروں اور آبادی والے علاقوں میں داخل ہوجاتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اسی عرصے میں شہری علاقوں کے قریب سانپوں کی موجودگی بڑھنے سے سانپ ڈسنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران گھروں، صحنوں اور اردگرد کے مقامات کو صاف رکھا جائے اور ایسے مقامات پر خصوصی احتیاط کی جائے جہاں سانپ چھپ سکتے ہیں۔