گوادر ایئرپورٹ ہفتے میں تین دن بند رہے گا،نئے اوقات کار جاری

پیر اور جمعرات کو ایئرپورٹ دوپہر 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک آپریشنل ہوگا۔

September 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گوادر ایئرپورٹ کے آپریشن کے لیے نئے اوقات کار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت ایئرپورٹ ہفتے کے تین دن بند رہے گا جبکہ باقی دنوں میں مقررہ اوقات کے دوران پروازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔

نئے شیڈول کے مطابق گوادر ایئرپورٹ بدھ، جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہے گا۔ پیر اور جمعرات کو ایئرپورٹ دوپہر 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک آپریشنل ہوگا۔

منگل کے روز ایئرپورٹ صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 9 بج کر 30 منٹ تک کھلا رہے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں دوپہر 12 بج کر 30 منٹ سے 2 بج کر 15 منٹ تک پروازوں کا آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

اتوار کو گوادر ایئرپورٹ صبح 10 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک آپریشنل ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ نئے اوقات کار 30 دسمبر 2026 تک نافذ رہیں گے۔

مقررہ اوقات کے علاوہ گوادر ایئرپورٹ استعمال کرنے کے خواہشمند سول یا فوجی طیاروں کے لیے انتظامیہ کو کم از کم 24 گھنٹے پہلے اطلاع دینا ضروری ہوگا۔

ذرائع کے مطابق غیر شیڈولڈ سول اور دیگر طیاروں کے آپریشن میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی پیشگی اطلاع کی شرط رکھی گئی ہے، تاکہ ایئرپورٹ انتظامیہ ضروری انتظامات بروقت مکمل کر سکے۔