21 ہزار طلبہ میں سے نیا کرکٹ ٹیلنٹ تلاش کریں گے، محسن نقوی
اس پروگرام میں گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک مختلف علاقوں کے اسکولوں کو شامل کیا گیا ہے
21 ہزار طلبہ میں سے نیا کرکٹ ٹیلنٹ تلاش کریں گے، محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 1400 اسکولوں کے تقریباً 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اس پروگرام میں گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک مختلف علاقوں کے اسکولوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل دسمبر میں منعقد ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنایا جائے گا۔ ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت اور دیگر ضروریات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن اسکولوں میں کرکٹ گراؤنڈ یا دیگر بنیادی سہولیات موجود نہیں، وہاں بھی پی سی بی ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے بہتر ماحول مل سکے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے پی سی بی میں ڈائریکٹر اسکول کرکٹ تعینات کیا جائے گا۔ اس شعبے کے لیے ایک مکمل ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی جو سال بھر اسکولوں سے رابطے میں رہے گی اور نئے کھلاڑیوں کی تلاش جاری رکھے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ صرف ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو دیکھ کر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا کافی نہیں۔ بعض اوقات کسی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ ہونے کے باوجود اس میں کوئی غیر معمولی صلاحیت رکھنے والا کھلاڑی موجود ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے کرکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو انفرادی طور پر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور باصلاحیت بچوں کو سامنے لانے کی کوشش کرے گی۔
محسن نقوی کے مطابق تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام جاری ہے اور ان کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم اعلان متوقع ہے۔
انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اسکول کرکٹ کے فروغ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔
چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔