اسلام آباد معاہدے پر واپسی کا ایرانی عندیہ۔ ڈار اورعباس عراقچی میں رابطہ
تہران کا مطالبہ، دوسرا فریق معاہدے میں کیے گئے وعدوں پر قائم رہے
فائل فوٹو
ترجمان ایرانی وزارت داخلہ علی زینی وند نے کہا ہے کہ مسائل کے حل اور اسلام آباد ایم او یو پر واپسی کی سفارتی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، ایران کا مطالبہ ہے کہ دوسرا فریق اس معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدوں پر قائم رہے۔
نیوز بریفنگ میں علی زینی وند کا کہنا تھا کہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے منظور شدہ معاہدے کو ایران کا باضابطہ فیصلہ تصور کیا جاتا ہے۔
دریں اثنا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت ضروری ہے، علاقے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے اور نیویارک میں ملاقات پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی نیویارک میں یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوگی۔