اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت ”نیشنل محسن انسانیت کوئز“ کا انعقاد کل ہو گا
ہزاروں طلبہ و طالبات کی شرکت متوقع،فاتحین کے لیے لاکھوں روپے کے نقد انعامات کا اعلان
خواہشمند طلبہ و طالبات جن کی عمر 14 سے 24 سال کے درمیان ہو، مقابلے کے مقام پر آکر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں، فائل فوٹو
کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے تحت ملکی سطح پر طلبہ و طالبات کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کروانے اور ان میں مطالعہ سیرت کا ذوق پیدا کرنے کے لیے “نیشنل محسن انسانیت کوئز” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شہر قائد کراچی میں بھی کل اتوار کوئز کا مقابلہ فتح باغ پارک بلاک ایف نارتھ ناظم آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں شہر بھر سے 3,000 سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت متوقع ہے۔
نیشنل محسن انسانیت کوئز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے شاندار نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پہلے نمبر پر آنے والے طالب علم کو 5 لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 3 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے طالب علم کو 2 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔
ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ کے مطابق اس کوئز کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اسوہ حسنہ اور سیرتِ طیبہ کی روشنی سے منور کرنا ہے تاکہ وہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کر سکیں۔ ترجمان کا کہنا کہ کوئز میں شرکت کے خواہشمند طلبہ و طالبات جن کی عمر 14 سے 24 سال کے درمیان ہو، مقابلے کے مقام پر آکر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اور کوئز میں حصہ لے سکتے ہیں۔