ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں پاکستان میں موجود ۔ بھارت کو ملنے کی امیدیں دم توڑ گئیں

اہم پیش رفت، بھارتی بورڈ کو ٹرافی نہیں ملی، ضوابط کے تحت فیصلہ ہوگا۔

September 19, 2026 · اسپورٹس
ایشیا کپ کی ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی کے پاس موجود ہیں۔

ایشیا کپ کی ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی کے پاس موجود ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز دونوں ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں محفوظ طریقے سے موجود ہیں اور کہیں نہیں جا رہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں جلد حاصل کرنے کی امیدیں اب دم توڑ چکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا تھا، جب کہ گزشتہ اتوار کو بھارتی ویمن ٹیم نے بھی فتح کے بعد ٹرافی وصول نہیں کی۔ اے سی سی کے قوانین اور مؤقف کے مطابق فاتح ٹیم کو ٹرافی صرف صدر ایشین کرکٹ کونسل ہی سے ملے گی، اور ٹرافیاں حاصل کرنے کے لیے بھارتی بورڈ کو اپنی رضامندی ظاہر کرنا ہوگی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے ممبئی میں بی سی سی آئی کی 95ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں بالآخر ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ ٹرافیوں کی واپسی کے لیے اس وقت کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دے سکتے۔ بھارتی بورڈ کا موقف ہے کہ محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ پہلے ہی اے سی سی کو بتا دیا گیا تھا جو کہ ایک ادارہ جاتی فیصلہ تھا۔