کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، سی ٹی ڈی میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں

September 20, 2026 · قومی
کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، سی ٹی ڈی میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، سی ٹی ڈی میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

کوہاٹ: پرانا پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے مسجد کو دھماکے سے نقصان پہنچانے کے بعد اس کے راستے کو پولیس لائنز میں داخل ہونے کے لیے استعمال کیا اور اندر داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں نے خودکش دھماکے، فائرنگ اور دستی بموں کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران بھی موقع پر پہنچے اور کارروائی کی نگرانی کی۔

ایف آئی آر کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد حملے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔