27 ستمبر کا لانگ مارچ عمران خان کے سوا کوئی ملتوی نہیں کرسکتا: راجہ ناصر عباس
پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور مشاورت کے لیے وہ ہر وقت دستیاب ہیں۔
27 ستمبر کا لانگ مارچ عمران خان کے سوا کوئی ملتوی نہیں کرسکتا: راجہ ناصر عباس
اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاوہ کوئی اور ملتوی نہیں کرسکتا۔
علامہ راجہ ناصر عباس کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ احتجاج سے متعلق حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی درخواست پر ملاقات ہوئی، جس میں ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور مشاورت کے لیے وہ ہر وقت دستیاب ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔
ملاقات محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق ملاقات کے دوران جمہوری جدوجہد کو آگے بڑھانے اور احتجاجی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔