کراچی میں 3 بچوں سمیت قتل کی گئی خاتون کے بھائی کی تحفظ کیلئے پولیس سے درخواست
واقعے کا مرکزی ملزم ہمایوں پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے، تاہم بھولا نامی شخص مبینہ طور پر اسے اور اس کے بھائی امجد علی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
کراچی میں 3 بچوں سمیت قتل کی گئی خاتون کے بھائی کی تحفظ کیلئے پولیس سے درخواست
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں 3 بچوں سمیت قتل کی گئی خاتون کے بھائی نے اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس سے رجوع کرلیا۔
مقتولہ مہوش کے بھائی نعمان علی نے سرجانی ٹاؤن تھانے میں درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ نارتھ کراچی کا رہائشی ہے جبکہ چند روز قبل سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-D میں اس کی بہن مہوش اور اس کے 3 بچوں کو قتل کردیا گیا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق واقعے کا مرکزی ملزم ہمایوں پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے، تاہم بھولا نامی شخص مبینہ طور پر اسے اور اس کے بھائی امجد علی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
نعمان علی نے درخواست میں پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ اسے اور اس کے بھائی کو ممکنہ خطرے سے تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
پولیس کے مطابق بھولا، پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ہمایوں کا بھائی ہے۔ پولیس نے درخواست گزار کی شکایت پر بھولا کو بیان اور پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات اور شکایت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔