کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا نیا مجسمہ دوبارہ نصب کردیا گیا

عبدالستار ایدھی کا پہلا قدآور مجسمہ 2021 میں ہاکی چوک کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ یہ مجسمہ بلوچستان کے معروف فنکار محمد اسحاق لہڑی نے تیار کیا تھا۔

September 20, 2026 · قومی
کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا نیا مجسمہ دوبارہ نصب کردیا گیا

کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا نیا مجسمہ دوبارہ نصب کردیا گیا

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا مجسمہ دوبارہ نصب کردیا گیا۔

عبدالستار ایدھی کا پہلا قدآور مجسمہ 2021 میں ہاکی چوک کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ یہ مجسمہ بلوچستان کے معروف فنکار محمد اسحاق لہڑی نے تیار کیا تھا۔

31 جنوری کو اس مقام کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں مجسمے کو بھی جزوی نقصان پہنچا تھا۔

حکام نے متاثرہ مجسمے کی مرمت کے بجائے نیا مجسمہ تیار کروا کر نصب کیا ہے، تاہم نیا مجسمہ سابقہ مجسمے کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹا ہے۔

حکومت بلوچستان نے سول سیکریٹریٹ کے قریب ریلویز ہاکی گراؤنڈ کے سامنے واقع ہاکی چوک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کر رکھا ہے۔

سکیورٹی انتظامات میں تبدیلی کے باعث ریڈ زون کے جنوبی راستے پر دو بڑے اور مضبوط گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں۔ نئے مجسمے کو سابقہ مقام پر رکھنے کے بجائے گیٹ سے باہر کچھ فاصلے پر نصب کیا گیا ہے تاکہ عام شہری اسے باآسانی دیکھ سکیں۔

نیا مجسمہ چند روز قبل نصب کیا گیا، جس کے بعد عبدالستار ایدھی کی یادگار ایک بار پھر کوئٹہ کے اس اہم مقام پر موجود ہے۔