امریکا سے ممکنہ معاہدہ گرین لینڈ کی خودمختاری متاثر نہیں کرے گا، ڈنمارک

آرکٹک اور شمالی بحر اوقیانوس میں سلامتی کو تقویت ملے گی اور نیٹو و یورپ کی مشترکہ سکیورٹی بھی مضبوط ہوگی۔

September 20, 2026 · بام دنیا
امریکا سے ممکنہ معاہدہ گرین لینڈ کی خودمختاری متاثر نہیں کرے گا، ڈنمارک

امریکا سے ممکنہ معاہدہ گرین لینڈ کی خودمختاری متاثر نہیں کرے گا، ڈنمارک

کوپن ہیگن: ڈنمارک اور گرین لینڈ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ زیر غور ممکنہ معاہدے سے گرین لینڈ کی خودمختاری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتہ گرین لینڈ، ڈنمارک اور امریکا کے لیے اہم پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال ایک ایسے معاہدے میں تبدیل ہوسکتی ہے جس سے آرکٹک اور شمالی بحر اوقیانوس میں سلامتی کو تقویت ملے گی اور نیٹو و یورپ کی مشترکہ سکیورٹی بھی مضبوط ہوگی۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے مطابق کسی بھی معاہدے میں ڈنمارک کی جانب سے طے کی گئی ریڈ لائنز کا احترام برقرار رکھا جائے گا۔

یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مجوزہ معاہدہ امریکا کو آرکٹک کے اس جزیرے کی سکیورٹی پر مستقل کنٹرول فراہم کرے گا۔

امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ گرین لینڈ میں امریکی فوجی موجودگی میں نمایاں اضافے سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

مجوزہ انتظام کے تحت امریکا کو جزیرے میں اہم فوجی تنصیبات اور اپنی موجودگی بڑھانے کی اجازت دی جائے گی۔ توقع ہے کہ معاہدے پر آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دستخط کیے جائیں گے۔