کراچی میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان کہاں ہوں گے؟
این ای ڈی یونیورسٹی میں صبح سویرے ہی امیدواروں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جس کے باعث مرکزی گیٹ کے باہر رش دیکھنے میں آیا۔
کراچی میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان کہاں ہوں گے؟
کراچی: شہر قائد میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج دو امتحانی مراکز میں منعقد ہورہا ہے، جہاں امیدواروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
حکام کے مطابق کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
این ای ڈی یونیورسٹی میں صبح سویرے ہی امیدواروں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جس کے باعث مرکزی گیٹ کے باہر رش دیکھنے میں آیا۔
امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کے لیے رپورٹنگ کا وقت صبح 6 بجے مقرر کیا گیا تھا، اسی وجہ سے دونوں مراکز کے اطراف صبح سے ہی امیدواروں اور والدین کی آمد شروع ہوگئی۔
امیدواروں کی بڑی تعداد کے باعث این ای ڈی یونیورسٹی کے اطراف ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امتحانی مراکز کے اطراف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے تاکہ امیدواروں اور ان کے والدین کو سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کو بھی کنٹرول کیا جاسکے۔
حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی مرکز میں داخلے کے دوران عملے کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری رش سے گریز کریں۔