آج بذریعہ ٹرین اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگا،حافظ نعیم

خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔

September 20, 2026 · قومی
آج بذریعہ ٹرین اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگا،حافظ نعیم

آج بذریعہ ٹرین اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگا،حافظ نعیم

کراچی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ آج کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوگا۔ جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا ہے، جبکہ کراچی سے ٹرین مارچ روانہ کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آچکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کے مطابق پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاج کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر روزمرہ استعمال کی اشیا پر بھی پڑتا ہے، جبکہ جماعت اسلامی کی تحریک پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو معاشی ریلیف دینے کے مطالبات کے لیے جاری ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا 35 روز جاری رہنے کے بعد ختم کردیا گیا ہے، تاہم احتجاجی تحریک ختم نہیں ہوئی اور لانگ مارچ کے ذریعے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے۔

دوسری جانب حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار بھی ہوچکے ہیں۔ حکومتی وفد کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے باعث لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی، تاہم جماعت اسلامی کی قیادت نے مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو عوامی مطالبات پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے، بصورت دیگر پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج اور لانگ مارچ جاری رکھنے کا مؤقف برقرار رہے گا۔

جماعت اسلامی کے مطابق حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے اور مذاکرات میں عالمی مالیاتی فنڈ کے دباؤ سمیت معاشی صورتحال پر بھی بات ہوئی ہے۔