جنرل اسمبلی اجلاس، اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ

اسحاق ڈار 21 سے 25 ستمبر تک وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلق مختلف سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

September 20, 2026 · قومی
جنرل اسمبلی اجلاس، اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ

جنرل اسمبلی اجلاس، اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی سیشن میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہوگئے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 21 سے 25 ستمبر تک وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلق مختلف سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسحاق ڈار اور وزیراعظم شہباز شریف مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں شریک ہوں گے، جہاں پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرے گا۔

نائب وزیراعظم جنرل اسمبلی کے موقع پر او آئی سی کے مختلف وزارتی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، جن میں وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس اور او آئی سی رابطہ گروپ کے دیگر اجلاس شامل ہیں۔

بیان کے مطابق فلسطین کے معاملے پر بھی اسحاق ڈار متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔ ان میں آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس شامل ہے۔

اسحاق ڈار مصنوعی ذہانت کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی بریفنگ سے خطاب بھی کریں گے، جبکہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ہنگامی ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دیگر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور سفارتی سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو اجاگر کرے گا اور اہم بین الاقوامی و علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کرے گا۔