صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے،مریم نواز

صفائی نصف ایمان ہے اور صاف ماحول لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ معیارِ زندگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

September 20, 2026 · قومی
صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے،مریم نواز

صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے،مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ پنجاب کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

عالمی یومِ صفائی کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور صاف ماحول لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ معیارِ زندگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ستھرا پنجاب منصوبہ ایک نئے اور صحت مند پنجاب کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ پنجاب کے 25 ہزار دیہات میں بھی صفائی کا منظم نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی لیا جا رہا ہے، جبکہ ویسٹ مینجمنٹ، کچرے کی ری سائیکلنگ اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلی محلوں کی صفائی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم صفائی کو برقرار رکھنا شہریوں کا بھی فرض ہے۔ ماحول کو صاف رکھنا صرف سرکاری اداروں نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صاف ماحول نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔