پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ہے، ختم کیا جائے، منعم ظفر خان

حکومت ریلیف دینے کے نام پر عوام کو دھوکا دے رہی ہے، جبکہ حکمرانوں کو سرکاری اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی لانا ہوگی۔

September 20, 2026 · قومی
پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ہے، ختم کیا جائے، منعم ظفر خان

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ہے، ختم کیا جائے، منعم ظفر خان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں شامل لیوی عوام پر عائد بھتہ ٹیکس ہے، حکومت اسے فوری ختم کرے۔

کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرین مارچ کے آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سپر ٹرین مارچ بھتہ ٹیکس کے خلاف کیا جا رہا ہے، جس کا آغاز کراچی سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ریلیف دینے کے نام پر عوام کو دھوکا دے رہی ہے، جبکہ حکمرانوں کو سرکاری اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی لانا ہوگی۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ملنے والی مفت بجلی اور مفت پیٹرول کی سہولتیں بھی ختم ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا واضح مطالبہ ہے کہ پیٹرول پر عائد لیوی ختم کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کے مطابق ٹرین مارچ کا کارواں حیدرآباد، روہڑی اور سکھر پہنچے گا، جہاں سکھر میں جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے سیاست کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راستے پہلے ہی بند کیے جاتے رہے ہیں اور اگر حکومت مزید رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے تو جماعت اسلامی انہیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے گی۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ اگر حکومت گرفتاریوں کا شوق رکھتی ہے تو وہ یہ بھی کرکے دیکھ لے، جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق 3 ستمبر کی پرامن ہڑتال کے دوران بھی گرفتاریاں کی گئی تھیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کا سلسلہ جاری رہے گا۔