کراچی: فلیٹ سے 5 لاشیں ملنے کا معاملہ ، کینسرکی تشخیص کے بعدڈاکٹر عمر کے استعفے کا انکشاف
گھر اندر سے بند تھا،فلیٹ کی چابی ڈاکٹر عمر کے سراہنے سے ملی ، پولیس
فائل فوٹو
کراچی: پولیس نے کراچی کے علاقے احسن آباد میں فلیٹ سے 5 افراد کی کئی روز پرانی لاشیں ملنے کے واقعے کی ابتدائی تفتیش مکمل کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 13 ستمبر کو ڈاکٹر عمر نے نجی اسپتال سے استعفیٰ دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عمر نے کینسر کی تشخیص کے باعث اسپتال سے استعفیٰ دیا تھا۔
پولیس حکام کا ہے کہ گھر اندر سے بند تھا، مکمل تلاشی لی گئی۔ ڈاکٹر عمر کی اہلیہ نے گزشتہ ہفتے گھر کا اوون فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔
پڑوسی نے اوون نہیں خریدا اور 2 ہزار روپے کی مدد کی۔ فلیٹ کی چابی ڈاکٹر عمر کے سراہنے سے ملی ہے۔ ڈاکٹر عمر کا آبائی تعلق بہاول نگر سے تھا۔
خیال رہے کہ احسن آباد کے ایک فلیٹ کی ساتویں منزل کے ایک کمرے سے میاں بیوی اور تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں کئی روز پرانی ہیں۔