معروف لوک گلوکار طفیل نیازی کی 36 ویں برسی آج منائی جارہی ہے
پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے گلوکار ہونے کا اعزاز حاصل تھا
معروف لوک گلوکار طفیل نیازی کی ایک تاریخی تصویر
نامور فوک گلوکار طفیل نیازی کی 36 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ طفیل نیازی نے زندگی بھر لوک گائیکی کی چاشنی بکھیری اور ان کے لازوال گیت آج بھی عوام کی زبان زدعام ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق طفیل نیازی کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے گلوکار ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی افتتاحی نشریات کا آغاز طفیل نیازی کے اس مشہور گیت ’’لائی بے قدراں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کر کے ‘‘ سے ہی ہوا تھا۔ طفیل نیازی نے 1926ء میں جالندھر میں آنکھ کھولی اور تقسیم ہند کے بعد جنوبی پنجاب کے شہر ملتان منتقل ہو گئے۔ انہیں پہلی بار ایک پولیس انسپکٹر نے میوزیکل فنکشن میں متعارف کروایا، جس کے بعد وہ بہت جلد ایک مقبول فنکار بن گئے۔
طفیل نیازی نے لوک گائیکی میں منفرد انداز اپنایا اور وہ تھیٹر، ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مقبول ترین گلوکار بن گئے۔ موسیقی کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کے عوض حکومت نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔ طفیل نیازی 21 ستمبر 1990ء کو اس دار فانی سے کوچ کر گئے تھے لیکن ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔