ایران جنگ رکوانے کے لیے سفارتی کوششوں پر تیل کی قیمتوں میں کمی

تقریباً دو ہفتوں سے رابطے اور مختلف تجاویز پر بات چیت جاری

September 21, 2026 · اہم خبریں

 

قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے سفارتی رابطے اور مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے ، پاکستان بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں شریک ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق قطر کی ثالثی ٹیم تہران اور واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں ہے اور مذاکرات کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ثالث مختلف دارالحکومتوں کے درمیان سفر کررہے ہیں تاکہ اس معاملے میں پیش رفت ہوسکے۔

ماجد الانصاری نے بتایا کہ قطر کو امریکی انتظامیہ کے حکام کی جانب سے یہ یقین دہانیاں بھی ملی ہیں کہ واشنگٹن کسی معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے۔

قطری ترجمان کے مطابق خطے میں استحکام کے لیے علاقائی حل اور ایسا بین الاقوامی اتفاق ضروری ہے جو آبنائے ہرمز سمیت اہم آبی گزرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک ریاست کی جانب سے آبی گزرگاہ پر اپنی بالادستی قائم کرکے اسے بطور ہتھیار استعمال کرنا سب کے لیے خطرناک مثال بن سکتا ہے۔

برینٹ خام تیل کے فیوچرز اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمتیں پیر کے روز ابتدائی کاروباری اوقات میں 10 ستمبر کے بعد اپنی کم ترین سطح کو چھو گئیں، جہاں برینٹ کی قیمت2 اعشارہ 16ڈالر 2اعشاریہ 08 فیصد کمی کے بعد 101اعشاریہ 71ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ جمعہ کو اس کی قیمت0 اعشاریہ 91 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوئی تھی۔ دوسری جانب، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت پچھلے سیشن میں1اعشاریہ 58 فیصد گراوٹ کے بعد مزید 2اعشارہ 15 یا2اعشاریہ 14فیصد کم ہو کر 98اعشارہی 15ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

پیر کی صبح مشرقی ایشیا کی تیل منڈیوں میں قیمتیں تقریباً مستحکم رہیں۔ یہ صورتحال قطر کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے رابطے کا ذریعہ قائم کرنے کی کوششوں کی اطلاعات کے بعد سامنے آئی ہے۔