ٹرمپ کا ایرانی شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ، بڑی کارروائی کی دھمکی
ایران سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتے اور فی الحال محدود نوعیت کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ کا ایرانی شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ، بڑی کارروائی کی دھمکی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم آئندہ صورتحال کیا رخ اختیار کرے گی، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتے اور فی الحال محدود نوعیت کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب امریکی ٹی وی اینکر جیک ٹیپر نے صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد بتایا کہ امریکی صدر نے ایرانی شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
جیک ٹیپر کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا محفوظ نہیں، جبکہ آنے والے وقت میں وہاں حالات مزید غیرمحفوظ ہو سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ابھی ایران کو پوری شدت سے نشانہ بنانا شروع نہیں کیا اور ایک بڑی کارروائی جلد متوقع ہے۔
ادھر قطری میڈیا آفس نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ نہ ہونے سے متعلق سامنے آنے والی خبر کو غلط قرار دے دیا ہے۔
قطری میڈیا آفس کے مطابق قطری وزیراعظم کے بیان کو بعض ذرائع ابلاغ نے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا، جس کے باعث غلط تاثر پیدا ہوا۔