سینئر اداکارہ سنگیتا کا تیسری شادی اور سابقہ شوہروں کے مبینہ تشدد کا انکشاف
اہم انکشاف، طارق میندرو سے شادی کی تصدیق، ازدواجی زندگی کو 14 سال مکمل ہو گئے۔
سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا جنھوں نے اپنی تیسری شادی اور سابقہ تلخ تجربات سے پردہ اٹھایا۔
پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی سینئر نامور اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی سے متعلق بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ 14 سال سے فلمی دنیا سے وابستہ نامور ڈسٹری بیوٹر طارق میندرو کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے دوران انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی سابقہ شادیوں میں پیش آنے والے تلخ حقائق اور مبینہ گھریلو تشدد کے واقعات پر کھل کر گفتگو کی۔ سنگیتا نے انکشاف کیا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی اور دوسری شادی نوید اکبر کے ساتھ ہوئی تھی، جو مختلف وجوہات کی بنا پر طلاق پر ختم ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹیوں کی شادیاں ہو جانے کے بعد وہ گھر میں تنہا رہ گئی تھیں، جس کے بعد طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی تھی۔ اداکارہ کے مطابق بڑھاپے میں انسان کے ساتھ ایک ساتھی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے انہوں نے تیسری شادی کا فیصلہ کیا۔
اپنی موجودہ ازدواجی زندگی کی کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنگیتا کا کہنا تھا کہ ان کے موجودہ شوہر طارق میندرو ایک بہترین انسان ہیں جو نہ گالم گلوچ کرتے ہیں، نہ خواتین پر ہاتھ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی بلاوجہ لڑائی جھگڑا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کبھی وہ خود غصے میں ہوں تو ان کے شوہر خاموشی سے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں، اور اسی باہمی تحمل کی وجہ سے ان کا رشتہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
سابقہ رشتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ شادی میں سب سے بڑا ریڈ فلیگ جسمانی تشدد ہے اور اسی تکلیف دہ رویے کی وجہ سے انہوں نے ماضی میں طلاق کا قدم اٹھایا تھا۔ انہوں نے تلخ یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ماضی میں بہت کچھ برداشت کیا ہے اور یہاں تک کہ جسم پر تشدد کے نشانات کے ساتھ اسٹوڈیو ریکارڈنگ کے لیے پہنچا کرتی تھیں۔