پشاور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا
نم نمایاں کارکردگی، پارٹ ٹو میں کامیابی کا تناسب 52 فیصد رہا، پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان۔
پشاور بورڈ انٹرمیڈیٹ نتائج کے اجراء کے بعد کی ایک علامتی تصویر
پشاور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سالانہ امتحانات برائے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 52.60 فیصد رہی ہے۔
امتحانی نتائج کی تفصیلات کے مطابق پارٹ ٹو کے امتحانات میں 66 ہزار 735 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 35 ہزار 103 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ 30 ہزار 878 طلبہ ناکام ہوئے۔ دوسری طرف انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 99.60 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اس مرحلے میں 63 ہزار 605 طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 31 ہزار 169 طلبہ کامیاب ہوئے جبکہ 31 ہزار 854 طلبہ و طالبات کو اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیا گیا۔
دریں اثنا، پوزیشن حاصل کرنے والے نمایاں طلبہ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ پری میڈیکل کے شعبے میں عائشہ بی بی نے 1134 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، صوبیہ عشال نے 1132 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ عائشہ رحمان اور دعا امجد نے 1128 نمبر لے کر بالترتیب تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ بورڈ حکام نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔