وائٹ ہاؤس میں رسائی پر پابندی، میڈیا اداروں کا عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

وائٹ ہاؤس نے بغیر پیشگی اطلاع یا قانونی کارروائی کے ان کے صحافیوں کے پاس منسوخ کیے،تین اداروں کا مشترکہ بیان

September 21, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں رسائی پر پابندی کے خلاف سی این این، ایم ایس ناو اور پولیٹیکو نے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

تینوں نیوز اداروں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس تک اپنے صحافیوں کی رسائی بحال کرانے کے لیے فرسٹ امینڈمنٹ کے تحت مقدمہ دائر کریں گے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں اداروں کا مؤقف ہے کہ وائٹ ہاؤس نے بغیر پیشگی اطلاع یا قانونی کارروائی کے ان کے صحافیوں کے پاس منسوخ کیے، جو ان کے بقول آزادیٔ صحافت اور آئینی حقوق سے متعلق سنگین معاملہ ہے۔

نیوز اداروں نے کہا کہ حکومت یہ فیصلہ نہیں کرسکتی کہ پریس کیا رپورٹ یا شائع کرے، ان کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے رسائی روکنے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جا رہا ہے تاکہ صحافیوں کی رسائی بحال کرائی جاسکے۔

واضح رہے کہ 19 ستمبر کو سی این این، ایم ایس ناو اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روک دیا گیا تھا اور ان کے پریس پاس غیر فعال یا ضبط کر لیے گئے تھے۔