لاہور:پارکنگ کے تنازع پر فائرنگ،شہری ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی،ویڈیو سامنے آگئی

پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کی حالت خطرے سے باہر ہے

September 21, 2026 · قومی, ویڈیوز

کوٹ لکھپت آٹو مارکیٹ میں پارکنگ تنازع پر فائرنگ، پولیس کی ملزم کی تلاش جاری

لاہور: کوٹ لکھپت آٹو مارکیٹ میں پارکنگ کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں شہری ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

چونگی امرسدھو میں کوٹ لکھپت آٹو مارکیٹ کے قریب گاڑی پارک کرنے کے تنازع پر معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔

واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزم کو پہلے شہری کو تھپڑ مارتے اور بعد ازاں پستول نکال کر اس کی ٹانگ پر فائر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزم کے زیرِ استعمال گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کی حالت خطرے سے باہر ہے

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ واقعے میں ملوث ملزم کو جلد گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔