کراچی: ستمبر میں گرمی کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
زیادہ سے زیادہ پارہ 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،2017 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔
فائل فوٹو
کراچی: کراچی میں ستمبرکے مہینے میں گرمی کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈرہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو شہرکے سرکاری ویدراسٹیشن(پہلوان گوٹھ ) پرزیادہ سے زیادہ پارہ 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ درجہ حرارت میں و نمی کےتناسب میں اضافے کے سبب ہیٹ انڈیکس کئی ڈگری زیادہ رہا۔
حالیہ گرمی کی وجہ بحیرہ عرب میں بننے والاسرکولیشن اورالنینوکا فعال ہونا ہے،بدھ سےگرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ 30 ستمبرسن 1951 کو کراچی کا پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔
انجم نذیرضیغم ترجمان وڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق ماہ ستمبرکے اوائل میں معتدل موسم کے بعد شہرمیں گزشتہ کئی روزسے گرمی کی شدت میں متواتراضافہ ریکارڈ ہورہا ہے،جس کی وجہ سےگرم ومرطوب موسم ریکارڈ ہوا۔
پیرکو دوسرے روزبھی شہر گرمی کی لپیٹ میں رہا، ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم کا ایکسپریس نیوزسے بات چیت میں کہنا تھا کہ پیرکو ستمبرکے مہینے میں سن 2017 کے بعد شہرمیں گرمی میں اضافہ رہا، جس کےدوران زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 40.7ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا۔
یوں ستمبرکے مہینے میں گرمی کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا کیونکہ سن 2017 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔