کراچی میں پولیس مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 3 مبینہ ڈاکو گرفتار
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری
فائل فوٹو
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 3 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق حیدری مارکیٹ پولیس کا نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت رشید کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ادھر سپر مارکیٹ پولیس اور ملزمان کے درمیان لیاقت آباد سی ون ایریا میں بھی مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران 2 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان میں سے ایک ملزم خاور زخمی تھا، جسے علاج کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت محسن کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔