ترکی کے بعد عراق اور جارجیا نے بھی ایرانی طیاروں کا داخلہ روک دیا
آنے والے دنوں میں ایرانی ایئرلائنز کو عالمی سطح پر پروازیں چلانے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
ترکی کے بعد عراق اور جارجیا نے بھی ایرانی طیاروں کا داخلہ روک دیا (فائل فوٹو)
عراق اور جارجیا نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی اپنے ممالک میں آمد پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد ایران سے فضائی رابطوں پر مزید پابندیاں سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں ایرانی ایئرلائنز کو عالمی سطح پر پروازیں چلانے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق عراق نے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عراقی ذرائع نے بتایا کہ بغداد کی جانب سے یہ اقدام امریکی محکمہ خزانہ کے اعلان کے بعد کیا گیا۔
بعد ازاں جارجیا نے بھی ایرانی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔
اس سے قبل ایرانی ایئرلائن ماہان ایئر نے بتایا تھا کہ ترک حکومت کی درخواست پر ترکی کیلئے اپنی پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ یوں ترکی کے بعد عراق اور جارجیا بھی ایرانی فضائی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے والے ممالک میں شامل ہوگئے ہیں۔