جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ تیسرے روز میں داخل
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کیا اور لانگ مارچ کو چند روز کیلئے مؤخر کرنے کی درخواست کی۔
فائل فوٹو
ملتان: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ تیسرے روز میں داخل ہوگیا۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن آج پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد احتجاج کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کیا اور لانگ مارچ کو چند روز کیلئے مؤخر کرنے کی درخواست کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وطن واپسی کے بعد حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات اور عوام کیلئے مزید ریلیف پیکیج پر بات چیت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج جماعت اسلامی کیلئے قابل قبول نہیں اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی ایک سال کیلئے ختم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جماعت اسلامی کی قیادت آج وزیراعظم کی درخواست پر مشاورت کرے گی، جس کے بعد حافظ نعیم الرحمن احتجاج اور لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کے حوالے سے اعلان کریں گے۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ آج رات ملتان سے لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔