برینٹ تیل 101 ڈالر سے تجاوز کرگیا

امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی صورتحال واضح ہونے تک تیل کی قیمتیں ایک محدود دائرے میں رہ سکتی ہیں

September 22, 2026 · بام دنیا
برینٹ تیل 101 ڈالر سے تجاوز کرگیا

برینٹ تیل 101 ڈالر سے تجاوز کرگیا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سرمایہ کار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے متعلق پیش رفت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 101 ڈالر 90 سینٹس فی بیرل سے تجاوز کرگئی، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 93 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گیا۔ دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت بھی 110 ڈالر فی بیرل سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بنیادی عوامل میں کسی بڑی تبدیلی کے بجائے مختصر مدت کی خریداری کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی صورتحال واضح ہونے تک تیل کی قیمتیں ایک محدود دائرے میں رہ سکتی ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق آنے والی خبروں پر مارکیٹ کا ردعمل جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حالیہ حملوں کے بعد سعودی آرامکو نے آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی برآمدات میں اضافہ کیا ہے۔ ٹینکرز کی نقل و حرکت سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق سعودی آرامکو نے اتوار کے روز خلیج کے اندر سات بڑے تیل بردار جہازوں میں تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ بیرل خام تیل لادا۔

ادھر لیبیا کی نیشنل آئل کارپوریشن کے چیئرمین مسعود سلیمان نے بتایا ہے کہ ملک کے شارارہ آئل فیلڈ میں خام تیل کی پیداوار میں جزوی کمی ہوئی ہے، تاہم انہوں نے پیداوار کم ہونے کی وجہ واضح نہیں کی۔

عالمی تیل مارکیٹ میں سرمایہ کار اب امریکا ایران تعلقات، خطے کی صورتحال اور خام تیل کی رسد سے متعلق تازہ پیش رفت کو قیمتوں کے لیے اہم عوامل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔