اقوام متحدہ ایران امریکا تنازع ختم کرانے کیلئے پاکستان سے رابطے میں ہے:گوتریس
دونوں فریق دوبارہ مذاکرات کی جانب بڑھیں تو تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
اقوام متحدہ ایران امریکا تنازع ختم کرانے کیلئے پاکستان سے رابطے میں ہے:گوتریس
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع ختم کرانے کی کوششوں میں مدد کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے۔
اسٹیفان دوجارک کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریق دوبارہ مذاکرات کی جانب بڑھیں تو تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے جون میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے ہونے والے معاہدے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
پاکستان نے اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ کشیدگی جاری ہے اور عالمی سطح پر تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔