بغیر پائلٹ مسافر طیارے کی امریکا بھر میں کامیاب آزمائشی پرواز
طیارے نے کیلیفورنیا سے امریکا کے مختلف علاقوں تک تقریباً 3 ہزار 199 میل کا سفر انسانی پائلٹ کی مدد کے بغیر مکمل کیا۔
بغیر پائلٹ مسافر طیارے کی امریکا بھر میں کامیاب آزمائشی پرواز ( فائل فوٹو)
بغیر انسانی پائلٹ کے مسافر طیارے نے امریکا بھر میں اپنی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی، جسے خودکار فضائی سفر کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جوبی ایوی ایشن کے مطابق کمپنی کے ایک انجن والے سیسنا کاروان طیارے نے کیلیفورنیا سے امریکا کے مختلف علاقوں تک تقریباً 3 ہزار 199 میل کا سفر انسانی پائلٹ کی مدد کے بغیر مکمل کیا۔
کمپنی کے بانی اور سربراہ جو بین بیورٹ کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں مکمل کیا جانے والا یہ سفر ہوا بازی کے ایک نئے دور کی ابتدائی جھلک ہے۔
کمپنی کے مطابق طیارے نے 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے پرواز شروع کی۔ پورے سفر کے لیے پہلے سے خودکار نظام کے ذریعے پرواز کا راستہ ترتیب دیا گیا تھا، جبکہ دورانِ سفر طیارے نے مختلف مقامات پر قیام بھی کیا۔
آزمائشی سفر کے دوران خودکار نظام نے پرواز سے متعلق صورتحال اور ممکنہ رکاوٹوں کی مسلسل نگرانی کی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد طیارہ کامیابی سے اپنی منزل تک پہنچا۔
جوبی ایوی ایشن کے مطابق مستقبل میں خودکار پروازوں کے ذریعے دور دراز علاقوں کو بڑے شہری اور مرکزی علاقوں سے منسلک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ فضائی نظام قدرتی آفات کے دوران بھی تیز رفتار امدادی کارروائیوں اور فوری ردعمل کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں، جس سے مشکل علاقوں تک رسائی مزید آسان ہوسکتی ہے۔