پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع ہوں گے

توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت پاکستان کے چوتھے جائزے جبکہ موسمیاتی مالی معاونت پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

September 22, 2026 · قومی
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع ہوں گے

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع ہوں گے

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان دونوں قرض پروگراموں کے آئندہ جائزوں پر مذاکرات کل سے شروع ہونے جارہے ہیں۔ بات چیت کا سلسلہ تقریباً دو ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق توسیعی فنڈ سہولت اور موسمیاتی مالی معاونت کے پروگرام کے جائزے ایک ہی وقت میں کیے جائیں گے۔ مذاکرات کے دوران گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں پاکستان کی جانب سے پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد اور معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت پاکستان کے چوتھے جائزے جبکہ موسمیاتی مالی معاونت پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

اگر دونوں پروگراموں کے جائزے کامیابی سے مکمل ہوگئے تو پاکستان کے لیے آئندہ مالی معاونت کی راہ ہموار ہوگی۔ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت پاکستان کو پانچویں قسط ملنے کی توقع ہے، جبکہ موسمیاتی مالی معاونت پروگرام کے تحت بھی اگلی رقم جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر تقریباً 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوچکی ہے۔

پاکستان اس وقت عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بیک وقت دو پروگراموں میں شامل ہے۔ ان میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا توسیعی فنڈ سہولت پروگرام اور تقریباً ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کا موسمیاتی مالی معاونت پروگرام شامل ہے۔