راولپنڈی میں ہوٹل بندش،ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیے

جسٹس صداقت علی خان نے درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر کو نوٹس جاری کردیے۔

September 22, 2026 · قومی
راولپنڈی میں ہوٹل بندش،ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیے

راولپنڈی میں ہوٹل بندش،ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیے

جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں ہوٹلز، موٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی غیر معینہ مدت تک بندش کے خلاف دائر درخواست لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے سماعت کے لیے منظور کرلی۔

جسٹس صداقت علی خان نے درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر کو نوٹس جاری کردیے۔

درخواست مرکزی انجمن تاجران کے رہنما احتشام الحق کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے حالات میں ہوٹلز، موٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرانا تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہوٹلوں، موٹلز اور ریسٹ ہاؤسز کی غیر معینہ مدت تک بندش کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست گزار کے مطابق انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر تحریری حکم کے بجائے زبانی ہدایات کے ذریعے ہوٹلوں کو بند رکھنے کا کہا جا رہا ہے۔

عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا اور مزید کارروائی کو آئندہ سماعت تک ملتوی کردیا۔