کفایت شعاری مہم، وزارت ریلوے میں ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس 31 دسمبر تک معطل
اس عرصے کے دوران کسی افسر یا ملازم کو گھر کی تعمیر کے لیے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا۔
کفایت شعاری مہم، وزارت ریلوے میں ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس 31 دسمبر تک معطل
وزیراعظم کی جانب سے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں وزارت ریلوے نے بھی مختلف فیصلے نافذ کر دیے ہیں۔
وزارت ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے میں ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس قرضوں کا اجرا 31 دسمبر تک روک دیا گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران کسی افسر یا ملازم کو گھر کی تعمیر کے لیے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے پاکستان ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کے سرکاری امور کے لیے بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی پر فوری طور پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزارت ریلوے کے مطابق کفایت شعاری سے متعلق دیگر ہدایات پر بھی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ افسران کے سرکاری استعمال کے لیے مختص ایندھن میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ وزیر ریلوے کے لیے مختص فیول میں بھی نصف کمی کردی گئی ہے۔
وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ سرکاری اخراجات کو محدود کرنے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے کفایت شعاری کے فیصلوں پر عمل درآمد جاری رہے گا۔