کراچی میں ڈکیتی کے دوران شہری کے قتل کا ملزم گرفتار
رروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل اور چھینی گئی رقم میں سے تین لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔
کراچی میں ڈکیتی کے دوران شہری کے قتل کا ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے کھارادر میں ڈکیتی کے دوران شہری کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل اور چھینی گئی رقم میں سے تین لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 9 ستمبر کو معین اختر اپنے بیٹے کے ہمراہ کمپنی کا چیک کیش کرا کے واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے انہیں روک کر رقم چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس سے معین اختر شدید زخمی ہوگئے اور بعد میں دم توڑ گئے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈاکس میں درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔ پولیس نے تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم محمد فیصل واردات سے پہلے بینک کے اندر گیا تھا، جہاں اس نے شہری کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔ بعد ازاں بینک سے باہر آکر اس نے اپنے ساتھی شاہ فیصل سے موٹر سائیکل حاصل کی اور خود اسے چلایا، جبکہ شاہ فیصل پیچھے بیٹھ گیا۔
پولیس کے مطابق رقم چھیننے کے دوران شہری کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر موٹر سائیکل پر سوار دوسرے ملزم شاہ فیصل نے فائرنگ کی۔
واردات کے بعد دونوں ملزمان چریا چوک، کسٹم ہاؤس، نیٹی جیٹی اور ماڑی پور روڈ سے ہوتے ہوئے سعید آباد کی جانب فرار ہوگئے۔
پولیس نے گرفتار ملزم محمد فیصل کے قبضے سے تیس بور پستول، موٹر سائیکل اور مبینہ طور پر واردات میں چھینی گئی رقم میں سے تین لاکھ روپے برآمد کرلیے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان پہلے بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ دوسرے مبینہ ملزم شاہ فیصل کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔