پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی بازیابی کیلئے درخواست دائر
ثناء اللہ مستی خیل کو 20 ستمبر کی شام پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیا گیا، تاہم انہیں لے جانے والے افراد کے پاس کوئی قانونی حکم موجود نہیں تھا۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی بازیابی کیلئے درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ثناء اللہ مستی خیل کو 20 ستمبر کی شام پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیا گیا، تاہم انہیں لے جانے والے افراد کے پاس گرفتاری کے وارنٹ، مقدمے کی ایف آئی آر یا گرفتاری سے متعلق کوئی قانونی حکم موجود نہیں تھا۔
درخواست کے مطابق ثناء اللہ مستی خیل کی گرفتاری کے بعد ان کے اہل خانہ اور متعلقہ افراد نے مختلف ذرائع سے ان کی موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم تاحال ان کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا گیا، لیکن وہاں سے بھی ثناء اللہ مستی خیل کے حوالے سے کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل کو بازیاب کرایا جائے اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ یا قانونی کارروائی موجود ہے تو اس کی تفصیلات بھی عدالت کے سامنے پیش کی جائیں۔
رپورٹس کے مطابق 20 ستمبر کو تحریک انصاف کے بعض ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جن میں ثناء اللہ مستی خیل کا نام بھی شامل تھا۔