پاکستان سے دفاعی تعاون بڑھانے میں فرانس کا اظہار دلچسپی

سیکرٹری دفاع کی پاک فوج کے سربراہ کی ملاقات

September 22, 2026 · قومی

فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی کی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات۔ آئی ایس پی آر

 

فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پوئریئر کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں  پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سیکیورٹی میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں فرانس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔