عمران خان سے ملاقات کی پیشکش، اپوزیشن رہنماؤں نے انکار کیا:ایاز صادق
اپوزیشن کے مختلف ارکان ان سے ملاقات کرتے رہتے ہیں اور کئی ارکان چاہتے ہیں کہ سیاسی حالات بہتر ہوں اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان رابطے کا سلسلہ جاری رہے۔
عمران خان سے ملاقات کی پیشکش، اپوزیشن رہنماؤں نے انکار کیا:ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو مواقع فراہم کیے گئے، تاہم انہوں نے ملاقات کے لیے جانے سے انکار کیا۔
ایک انٹرویو میں ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کے مختلف ارکان ان سے ملاقات کرتے رہتے ہیں اور کئی ارکان چاہتے ہیں کہ سیاسی حالات بہتر ہوں اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان رابطے کا سلسلہ جاری رہے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ ان کا کردار حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے کے پل کا ہے، تاہم جو رکن اسپیکر سے ملاقات کرتا ہے، بعض اوقات اسے سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایاز صادق کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے انہیں فون کرکے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے رابطہ کرنے کی بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے لیے عمران خان کے بھتیجے کو بھیجنے کی تجویز سامنے آئی، تاہم بعد میں بتایا گیا کہ انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ایک کانفرنس کال کے دوران ان کے، وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کے درمیان بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق اس موقع پر بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کو بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے کی پیشکش کی گئی، تاہم انہیں بھی روک دیا گیا۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ اس کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرز کو ملاقات کے لیے بھیجنے کی تجویز دی، لیکن ان کے بقول دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر ممکنہ تنقید کے خدشے کے باعث جانے سے انکار کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں کئی ارکان اس بات سے محتاط رہتے ہیں کہ کسی سیاسی رہنما سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم نہ شروع ہوجائے۔
ایاز صادق نے بیرسٹر گوہر پر الزام عائد کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی طرف سے کوشش کرتے ہیں، تاہم ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ایاز صادق نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے ملاقات سے متعلق تصدیق کا بھی حوالہ دیا۔