اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کا وفد پاکستان پہنچ گیا

آئی ایم ایف مشن مذاکرات کے پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقاتیں کرے گا

September 23, 2026 · بام دنیا
اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کا وفد پاکستان پہنچ گیا

اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کا وفد پاکستان پہنچ گیا

اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، جہاں قرض پروگرام کے تحت معاشی اہداف اور اصلاحات پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن مذاکرات کے پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ ابتدائی تکنیکی مذاکرات میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ، شرح سود اور شرح تبادلہ سمیت مختلف معاشی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک حکام آئی ایم ایف وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور حالیہ کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ مذاکرات کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کو 17 ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر برقرار رکھنے کے ہدف، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور یورو بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت بھی زیر بحث آئے گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کو بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم اور دیگر مالیاتی معاملات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف وفد 25 ستمبر کو اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وزارت خزانہ، نجکاری، توانائی اور ایف بی آر حکام کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے۔

قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے حوالے سے مذاکرات تقریباً دو ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران جون تک کی معاشی سرگرمیوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت مقرر کیے گئے اہداف پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔

مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی اور گیس کے سرکلر قرضے سمیت مختلف ساختی اہداف کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے معاشی اصلاحات کے اہداف پر پیش رفت سے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر تک کی رقم ملنے کا امکان ہے۔ اس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی رقم شامل ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان نے 37 ماہ پر مشتمل آئی ایم ایف پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا۔ پروگرام کے تحت پہلی ایک ارب ڈالر کی قسط ستمبر 2024، دوسری قسط مئی 2025 جبکہ تیسری قسط دسمبر 2025 میں موصول ہوئی تھی۔