ایران نے بغداد اور مسقط کی پروازیں معطل کردیں
پروازوں میں یہ تبدیلی ایسے وقت کی گئی ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی اور بحری آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔
ایران نے بغداد اور مسقط کی پروازیں معطل کردیں
ایران نے تہران سے عراق کے دارالحکومت بغداد اور عمان کے دارالحکومت مسقط جانے والی پروازیں عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پروازوں کی معطلی بدھ کی مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے سے نافذ ہوگی۔ ایران کی سول ایوی ایشن تنظیم نے بھی تہران سے بغداد اور مسقط کے لیے فضائی آپریشن روکنے کی تصدیق کردی ہے۔
ایرانی حکام بغداد جانے والی پروازوں کے لیے متبادل انتظامات پر بھی غور کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بعض پروازوں کو عراق کے شہر نجف کے ہوائی اڈے کی جانب منتقل کرنے کا امکان زیر غور ہے۔
رپورٹس کے مطابق تہران سے دیگر بین الاقوامی مقامات کے لیے فضائی آپریشن اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوگا اور معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے۔ استنبول جانے والی پروازیں بھی شیڈول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پروازوں میں یہ تبدیلی ایسے وقت کی گئی ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی اور بحری آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ثالثوں کے ذریعے مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔